Thursday, 6 April 2017

اردو زباں صرف محبت کی زباں ہے۔Urdu zabaan siraf mahabbat ki zabaan



مجهے اس شریر کی دبی دبی مسکراہٹ سے اندازہ ہو رہا تها
کہ اس کے پیٹ میں ہنسی کے گولے چهوٹ رہے ہیں
لیکن ضبط کی کوشش میں ہے...
باہر آ کر گاڑی میں بیٹهتے ہی اس نے کهلکهلاہٹ کا آغاز کیا.
 بچپن سے اس کے بے ساختہ ہنسنے کا انداز یہی تها کہ انسان اسے دیکھ کر عمر بهر کے غم بهول جائے....
حس ظرافت ایسی کہ آدها جملہ سن کر باقی کا اندازہ لگانا اس کے لیے چنداں دشوار نہیں تها
اس کی نور بکھیرتی ہنسی کے لیے میں نے ایک غزل کہی تهی

تمہیں ہنستا خدا رکهے.. کہ جینے کی امنگ ہو تم
تمہارے ساته اس گهر کے در و دیوار ہنستے ہیں.

لیکن اس وقت مجهے اس کے ہنسنے سے کوفت ہو رہی تهی...

ہوا کیا ہے.....
کچھ پهوٹو بهی...

مجهے آپ پر رحم آ رہا تھا امی... جب سے پیدا ہوئے ہیں اپ نے ہماری سزا میں شامل رکها اردو بولنا
اردو پڑهنا...  لکهنا... تہزیب.. پاکستان میں یوں ہوتا ہے.. وہاں بچے یوں نہیں کرتے... وہاں بزرگوں کا احترام. ..

جب یہ سب سالگرہ پر انگریزی انداز میں گانے گا رہے تهے اور انگریزی بول رہے تهے.. آپ کی بات کا جواب بهی انگریزی میں آ رہا تها... آپ آنٹی ہو گئیں ایک دم...
کهی کهی کهی....
آنٹی....
اس نے پهر کچھ تصور کر کے ہنسنا شروع لر دیا
 تو مجهے وہ ساری شامیں یاد آ رہی تهیں جو ہمارا ٹی وی بند کر کے آپ اردو کتاب سامنے رکھ دیتی تهیں...

ہم کسی کے حاکم تو نہیں جو لوگوں پر اختیار رکهیں کہ یہ کہو .. وہ نہ کہو.. یوں کرو..  یوں نہ کرو. .
میں نے کچھ نالاں ہو کر کہا

یار امی
اس نے شریر آنکھوں کے گوشوں سے مجهے دیکھا
اپ مان کیوں نہیں لیتیں کہ آپ جو نقشہ کھینچ کر ہمیں طعنے دیتی تهیں.. وہ غلط تها...
پاکستان تو کلچر کا ملغوبہ ہے

اچها... اب میں نے برہم ہونے کا ہتهکنڈہ آزمایا
تو اچهی اردو سیکهنے سے آپ کو نقصان کیا پہنچا....
ٹوپی میں لگے پروں میں ایک اضافہ ہی ہوا نا...
ناشکر گزاری ہمارا المیہ ہے...

اسے پهر ہنسی آ گئی
امی آپ کوئی کانفرنس نہیں کر رہی
مان  لیں کہ آپ نے ہم پر بہت ظلم کیے ہیں

بات یہ ہے پتر جی......  وہ  مظالم یاد ہیں آپ کو
لیکن یہ یاد نہیں کہ آپ
ط... ظ...  اور پهر ف کو فوئیں کہا کرتے تهے
ج اور چ کو چیم اور حیم خیم کہنے پر تکرار کرتے تهے
سچ ہے ... دنیا ہے ہی نا شکری.. احسان فراموش وغیرہ وغیرہ

اس کی آنکهوں میں ہنسی کو فوارے چهوٹ رہے تهے لیکن مصنوعی سعادت مندی سے بولا
جی امی... اپ بالکل صحیح فرماتی ہیں جب دلائل ختم ہو جاتے ہیں تو پهر طعنے باقی رہ جاتے ہیں




1 comment: